بلوچستان : فورسز کا2 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق ، 4 عسکریت پسندوں کو مارنے کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستانی سیکورٹی فورسز حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تبادلے اور بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ نجی سکیورٹی کمپنی کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا واقعہ ساحلی ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں پیش آیا جہاں ایک جھڑپ میں چار عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے۔

سرکاری اہلکار کے دعوے کے مطابق پسنی میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

اہلکار نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے دوران 4 عسکریت پسند ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے۔

اُدھر ضلع دُکی میں باردی سرنگ کے دھماکے میں نجی سکیورٹی کمپنی کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

دکی پولیس کے ایک اہلکار عبدالغنی کے مطابق یہ واقعہ ضلع کے علاقے تلائو میں پیش آیا۔

انھوں نے بتایا کہ اس علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے بارودی سرنگ نصب کی تھی جو کہ اس وقت پھٹ گئی جب ایک موٹر سائیکل اس سے ٹکرا گیا۔

بارودی سرنگ کے پھٹنے سے موٹر سائیکل پر سوار نجی سکیورٹی کمپنی کے دو اہلکار زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز اس علاقے میں کوئلے کے ٹرکوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تعینات تھے۔

Share This Article