بلوچستان کے علاقے تربت اور کراچی سے پاکستانی فورسز ہاتھوں جبری گمشدہ 2 نوجوان بازیاب ہوگئے۔
ضلع کیچ کے علاقے آپسر بنڈے کلات سے 5 سال قبل لاپتہ ہونے والے شمس ولد محمد اسحاق بازیاب ہوکر بالآخر جمعہ کے روز اپنے گھر صحیح سلامت واپس پہنچ گئے۔
شمس کو 30 جون 2021 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے مسلسل جدوجہد، دھرنے اور احتجاجی مظاہروں کے ذریعے ان کی بازیابی کی کوششیں جاری رکھی تھیں۔
شمس کی بحفاظت واپسی پر اہل خانہ نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اس اذیت میں مبتلا تھے، اور اب ان کے پیارے واپسی نے ان کے گھروں میں زندگی لوٹا دی ہے۔
دوسری جانب جامعہ کراچی کے شعبہ فلسفہ کے طالبعلم مسلم داد بلوچ، جنہیں 27 جولائی کو کراچی یونیورسٹی کے مسکن گیٹ کے قریب سے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا، آج بازیاب ہو کر بخیر و عافیت گھر پہنچ گئے ہیں۔
مسلم داد بلوچ کا بنیادی تعلق بلوچستان کے ضلع آواران سے ہے اور وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کراچی میں مقیم تھے۔
ان کی جبری گمشدگی نے نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ طلبہ، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی تھی۔
اہلِ خانہ نے مسلم داد کی بحفاظت واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی بازیابی کے لیے آواز بلند کی۔