پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں بلوچ اسیران لواحقین کا احتجاجی دھرنا 14 ویں روز میں داخل ہوگئی ہے لیکن انہیں شدیدریاستی جبر،ہراسانی و نگرانی کا سامنا ہے ۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی ) کا کہناہے کہ نیشنل پریس کلب کے باہر پرامن دھرنے کو پورے دو ہفتے گزر چکے ہیں، بلوچ خاندانوں کو پاکستانی ریاست کی جانب سے منظم طریقے سے ہراساں کیے جانے اور نگرانی کا سامنا ہے۔
بی وائی سی کے رہنماؤں کی رہائی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے مطالبات کے باوجود، حکام نے انہیں الگ تھلگ کرنے، ڈرانے اور خاموش کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پریس کلب جانے والی سڑک بدستور سیل ہے۔ بسیں اور رکاوٹیں عوام کی حفاظت کے لیے نہیں بلکہ غم زدہ ماؤں اور بچوں کو عوام کی نظروں سے چھپانے کے لیے کھڑی کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں شرکاء کی پروفائلنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مرد طلباء کی فلم بندی کی جا رہی ہے، شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، اور خاندانوں کو ان کی عارضی پناہ گاہوں میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے درمیان، خاندانوں کو اب بھی کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہے۔ سایہ نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ کئی خواتین اور بچے گرمی کی تھکن سے بیہوش ہو جاتے ہیں۔ پہلے، انہوں نے بغیر کسی پناہ کے سیلابی بارش کو برداشت کیا تھا- پھر بھی، ریاست نے انہیں بنیادی حقوق سے محروم رکھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پھر بھی یہ خاندان غیر متزلزل ہیں۔ جب تک ان کی بات نہیں سنی جاتی، جب تک انصاف نہیں ملتا، وہ وہاں سے جانے سے انکاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں، سول سوسائٹی اور باشعور شہریوں سے گزارش کرتے ہیں: ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ ان کی عیادت کریں۔ ان کی آواز کو وسعت دیں۔ خاموشی کو توڑو۔