پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی سے ایک علیحدگی پسند گروپ سے تعلق کے الزام میں 2 مشتبہ افراد کوگرفتارکیا گیا ہے۔
دعوے میں کہا گیاکہ ایک اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بن قاسم ٹاؤن سے ایک علیحدگی پسند گروپ سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیاہے۔
ترجمان رینجرز کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کارروائی ’ عطا اللہ شار کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی، گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کی شناخت زاہد علی مگسی اور عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے اور ان کے قبضے سے ایک سیل فون بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان نے بالترتیب 27 اپریل اور 22 جون کو کاٹھور کے قریب لنک روڈ پر ایک احتجاج کے دوران پولیس موبائل کو آگ لگائی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے 6 ساتھی پہلے ہی ان آتش زنی کی کارروائیوں میں گرفتار ہو چکے ہیں، ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔