بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلہ کان میں حادثہ اور نوشکی و وڈھ میں فائرنگ سے 3 کانکن سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
ضلع دکی کی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 کانکن ہلاک ہوگئے ۔
ایک کان کن کو زندہ نکال لیا گیا ، متاثرہ کوئلہ کان کو سیل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ۔
چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی بلوچ نے بتایا کہ دکی کی نجی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے چار کان کن کان کے اندر پھنس گئے تھے ۔
مائنز ریسکیو کے عملے نے ایک کان کن کو زندہ نکال لیا تاہم 3 کانکن ہلاک ہوگئے
ہلاک کانکنوں کی لاشیں کان سے نکال کر طبی معائنہ کیلئے اسپتال منتقل کردی گئیں ۔
چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی نے بتایا کہ حادثے کا شکار کوئلہ کان کوسیل کردیا گیا۔
واقعہ کی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دے دی گئی۔
دوسری جانب نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
جمعرات کی شب رات گئے نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معاویہ جمالدینی نامی ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ضروری قانونی کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش پولیس کی جانب سے جاری ہے۔
بی ایل اے نے معاویہ جمالدینی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ سرمچاروں نے نوشکی میں قابض پاکستانی فوج و خفیہ اداروں کی تشکیل کردہ نام نہاد ڈیتھ اسکواڈ کے اہم کارندے معاویہ جمالدینی کو گذشتہ شب اس وقت حملے میں نشانہ بناکر ہلاک کردیا جب وہ اپنی گاڑی میں کلی جمالدینی اپنے گھر جارہا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ قابض فوج کا آلہ کار معاویہ جمالدینی نوشکی میں مسلح جھتے کی سربراہی کرتا تھا جو نوشکی میں نوجوانوں و بزرگوں کی ٹارگٹ کلنگ، قابض فوج کے ہمراہ گھروں کی چادر و چار دیوالی پامال کرنے اور نوجوانوں کو جبری لاپتہ کرنے اور بلوچ شہداء کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے میں ملوث رہا ہے۔ مذکورہ آلہ کار خواتین کو بلیک میل کرنے سمیت قابض فوج کی سرپرستی میں زمینوں پر قبضے اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کی انٹیلی جنس ونگ زراب آلہ کار معاویہ جمالدینی کے ہر نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئی تھی۔ معاویہ جمالدینی کو غداری کا مرتکب ہونے اور بلوچ عوام پر مظالم میں ملوث پر ہلاک کرکے منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔ اس جھتے سے منسلک دیگر افراد پر بھی ‘زراب’ نظر رکھے ہوئی ہے جن کا انجام جلد ہی معاویہ جمالدینی کی طرح ہوگا۔
دریں اثنا تحصیل وڈھ کلی صالح محمد کا رہائشی نوجوان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق کلی صالح محمد وڈھ کے رہائشی عنایت اللہ ولد عبدالرحیم قوم لانگو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
نوجوان عنایت اللہ اپنے ساتھی ناصر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ دراکھالہ بزنجوی اچھڑو کراس کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موقع پر جان کی بازی ہارگئی ۔
مقامی انتظامیہ نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔