پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گذشتہ دنوں مسلح افراد کے حملے میں ہلاک ہونے والے فوجی افسر میجر زید کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے اور فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر زید سلیم اور سپاہی نظم حسین ہلاک ہوگئے۔
جبکہ سنگر نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق فورسز پر مسلح افراد کے حملے میں میجر زیاد سمیت 6 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے اور یہ حملہ مستونگ کے علاقے تلخ کاوی میں ہواجہاں مسلح افراد نے فورسز کو بم سے نشانہ بنایاتھا ۔
آئی ایس پی آر کے دعوے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع مستونگ میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
دعوے میں کہا گیا کہ اس دوران سیکیورٹی فورسز نے مسلح افراد کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور دوران آپریشن 3 مسلح افراد کو ہلاک کردیا۔
تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر زید سلیم اول ( عمر 31 سال، سکنہ خوشاب) جو فرنٹ لائن سے اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے، ہلاک ہوگئے، ان کے ہمراہ سپاہی نظم حسین ( عمر 22 سال، سکنہ جہلم) بھی ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید دعویٰ کیاہے کہ علاقے میں مسلح افراد کی موجودگی کے پیشِ نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
میجر زید سمیت 6 اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری تا حال کسی بھی مسلح تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔