بلوچستان کے ساحلی شہر اورماڑہ کے حدودمیں بدھ کے سہ پہر دو مسافر گاڑیوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں مسافر زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعدایمرجنسی رسپانس سینٹر مکران کوسٹل ہائی وے ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔
مذکورہ مسافر کوچز تربت اور کراچی کے درمیان سفر کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والے بسوں میں ایک النجیب کمپنی تربت کا بس ہے جس کا کلینر ممکنہ طور پر ہلاک ہوگیا ہے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر ایمرجنسی رسپانس سینٹر کوسٹل ہائی وے حاجی خان کے مطابق اس حادثے میں ابتدائی طور پر ایک شخص ہلاک ہوا ہے جب کہ متعدد مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں 12 شدید زخمی شامل ہیں۔ جنہیںریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر اورماڑہ درمان جاہ پہنچادیا ہے۔
زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں تاہم ان کے مطابق زخمیوں کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے۔
حادثے کی ہولناکی کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں کوچز کے اگلے حصے بری طرح تباہ ہو چکے ہیں اور مسافروں کو کوچز سے نکالنے کے لیے مقامی افراد کو بھی امدادی کارروائیوں میں شامل ہونا پڑا۔