تاج محمد سرپرہ کی جبری گمشدگی کو پانچ سال مکمل ،لندن میں احتجاجی مظاہرہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ میر تاج محمد سرپرہ کی جبری گمشدگی کو پانچ سال مکمل ہونے پر لندن میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر ایک پرامن مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرے میں میر تاج محمد سرپرہ ، بلوچ لاپتہ افراد اور بی وائی سی قائدین کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ۔

مظاہرے سے میر تاج محمد سرپرہ کی اہلیہ صالحہ مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاج محمد سرپرہ 19 جولائی 2020 کو کراچی سے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ذریعے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے جس کے بعد سے آج تک ان کی حالت کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی بلوچ لاپتہ افراد اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سیاسی کارکنوں کی رہائی میں اپنا کردار ادا کریں ۔

مظاہرے میں خان آف قلات میر سلیمان داؤد، جئے سندھ فریڈم موومنٹ کے چیئرمین سہیل ابڑو، ایف بی ایم، بی آر پی، اور بی این پی کے اراکین، پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما سعید عالم عبد الوکیل سولمل، ڈاکٹر وارث وزیر، عبداللہ بلوچ، بلوچستان پیپلز پارٹی کے مرکزی کونسل کے رُہیم بندوئی، اور گلگت و بلوچستان سے سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے کارکن شامل تھے۔

مظاہرے میں بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں کے بحران پر روشنی ڈالی گئی اور مجرموں کو جوابدہ بنانے کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت اور میر تاج محمد سرپرہ سمیت تمام بلوچ لاپتہ افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

Share This Article