بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے کولواہ اور ضلع جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں طالب علم سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
ضلع کیچ کے علاقے کولواہ میں فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان طالب علم ہلاک ہوگیا۔
مقتول نوجوان کی شناخت کمبر ولد اسلم کے نام سے ہوئی ہے جو کولواہ کے علاقے ڈنڈار آشال کا رہائشی اور جماعت ہشتم کا طالب علم تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق کمبر اس وقت اپنے کھیتوں میں پیاز کاشت کرنے جا رہا تھا جب فورسز نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق کمبر ایک طالب علم تھا وہ صبح معمول کے مطابق کھیتوں کی جانب گیا تھا تاکہ پیاز کی بوائی کا کام کر سکے، لیکن ہمیں کچھ دیر بعد اس کی موت کی خبر ملی۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات بلوچستان میں پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں جہاں فورسز عام شہریوں کو نشانہ بناتا رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نوجوان طالب علم کا اس طرح قتل کیا جانا ناقابل قبول ہے۔
تاحال سرکاری طور پر اس واقعے پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب ضلع جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اللہ یار بائی پاس زیرو پوائنٹ کے مقام پر نا معلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے واجد گولہ کو قتل جبکہ محمد ابراہیم گولہ کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے نعش اورزخمی کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد لاڑکانہ ریفر کردیا گیا۔
قتل کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔