اسلام آباد: بلوچ لواحقین کا دھرنا شدید بارش و چلچلاتی دھوپ میں تیسرے روز بھی جاری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں بلوچ لواحقین کا دھرنا آج بروزجمعہ کو کھلے آسمان تلے چلچلاتی دھوپ اور کیچڑ میں اٹے نیشنل پریس کلب کے سامنے کی خالی زمین پر بغیر کسی سائبان کے تیسر ے روز بھی جاری ہے۔

یہ دھرنا بلوچ یکجہتی کمیٹی کے اسیر رہنماؤں کے اہلخانہ اور لاپتہ افراد لواحقین نے ان کی غیر قانونی حراست اور ان کے کیسز کی قانونی کارروائی میں غیر ضروری تاخیر کے خلاف دیا جارہا ہے۔

گذشتہ روز دھرنا شدید موسلا دھار بارش میں کھلے آسمان تلے جاری رہا ۔جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے مظاہرین کو ٹینٹ لگانے نہیں دی گئی جس سے مظاہرین نے شدیدبارش میں بغیر کسی چھت کے اپنا دھرنا جاری رکاتھا۔

بغیر ٹینٹ اور سائبان کی وجہ سے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس سلسلے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 16 جولائی 2025 کو، زیر حراست بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی ) کے رہنماؤں کے اہل خانہ، جبری گمشدگی کے متاثرین کے لواحقین کے ساتھ،بی وائی سی رہنماؤں کی غیر قانونی حراست کے خلاف احتجاج اور ان کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے بلوچستان سے اسلام آباد تک سینکڑوں میل کا سفر طے کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ دو روز سے اسلام آباد میں موسلادھار بارش ہوئی اور آج شدید گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پھر بھی دونوں حالات میں، احتجاج کرنے والے خاندانوں نے برداشت کیا ہے اور بغیر کسی پناہ گاہ اور سایہ کے بیٹھے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ان میں خواتین، بوڑھے افراد اور چھوٹے بچے بھی شامل ہیں، حکام انہیں ایک بھی خیمہ لگانے کی اجازت دینے سے انکار کرتے رہتے ہیں، انہیں بارش اور اب چلچلاتی دھوپ میں ننگے کیچڑ والے فٹ پاتھ پر بیٹھنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

Share This Article