بلوچستان کے علاقے تمبو،دکی اور ژوب میں مختلف حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
نصیر آباد کے علاقے تمبو میں فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی جس کی لاش ہسپتال ڈیرہ مرادجمالی منتقل کردی گئی ۔
پولیس کے مطابق نصیراباد کے علاقے تمبو لیاقت کمیپ کے مقام پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی ۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور لاش اپنی تحویل میں لیکر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردی ۔جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کر دی گئی۔
پولیس واقع کے بارے میں مذید تحقیقات کر رہی ہے ۔
دوسری جانب دکی میں کوئلہ کان میں گیس بھرنے سے ایک کانکن ہلاک ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو دکی میں مقامی کوئلہ کان میں گیس بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے نصیب اللہ نامی کانکن ہلاک ہوگیا ۔
ریسکیو حکام نے لاش کو کان سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش آبائی علاقے افغانستان روانہ کردیا گیا ۔
اسی طرح ژوب شہر و گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش وآسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق بارش کے دوران کلی دیرہ گئی میں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان سمیع اللہ ہلاک ہو گیا۔
دریں اثناتحصیل چاغی بازار میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے حجام کے دکان پر فائرنگ کی جس سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق تحصیل چاغی بازار میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے حجام کے دکان پر فائرنگ کی جس سے امتیاز نامی نائی زخمی ہوگیا جبکہ دکان میں موجود دیگر افراد معجزانہ محفوظ رہے ۔
زخمی کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید تحقیقات انتظامیہ کررہی ہے۔