بلوچستان کے علاقے زیارت میں ڈیم میں 3 لڑکیاں ڈوب گئیں،دو کو بچا لیا گیا جبکہ ایک ہلاک ہوگیا۔دوسری جانب اوستہ محمد میں نہر سے خاتون کی لاش برآمدہوئی ہے۔~ضلع زیارت کے علاقے منہ زڑگی ڈیم میں تین لڑکیاں پانی میں ڈوب گئیں۔
ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو لڑکیوں کو زندہ نکال کر ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دیا گیا، جب کہ تیسری لڑکی کی لاش کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد نکالی گئی۔
زخمی لڑکیوں کی شناخت 16 سالہ بی بی عقیدہ دختر محمد افضل اور 26 سالہ بی بی نجمہ زوجہ محمد جمیل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والی لڑکی بی بی روبینہ دختر محمد ہاشم، عمر 22 سال بتائی گئی ہے، جسے ڈیم سے مردہ حالت میں نکالا گیا۔
حکام کے مطابق لڑکیاں سیلابی ریلے کے بعد ڈیم میں جمع ہونے والے باقیات کو اکٹھا کرنے کے لیے وہاں موجود تھیں۔
علاوہ ازیں گنداخہ تھانے کی حدود میں واقع سم کینال سے ایک نامعلوم پچاس سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق، لاش کچھ دن پرانی لگتی ہے جسے مقامی افراد کی اطلاع پر برآمد کر کے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او گنداخہ کے مطابق، خاتون کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پولیس مختلف پہلوں سے معاملے کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ خاتون کی شناخت اور موت کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔