کینیڈا : دہشتگردی کے الزام میں پاکستانی نژاد شہری امریکہ کے حوالے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستانی شہری شاہ زیب خان کو مبینہ طور پر دہشت گردی کے الزام میں کینیڈا سے ملک بدر کر کے امریکہ بھیج دیا گیا ہے۔

امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹرکیش پٹیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں اس سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’آج سہ پہر کینیڈا میں مقیم پاکستانی شہری محمد شاہ زیب خان کو شدت پسند تنظیم داعش (ISIS) کو مدد فراہم کرنے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی کوشش کے الزام میں امریکہ کے حوالے کر دیا گیا۔‘

اپنی پوسٹ میں انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ’گزشتہ سال شاہ زیب خان نے مبینہ طور پر کینیڈا سے نیویارک کا سفر کرنے اور بروکلین میں ایک یہودی مرکز میں داعش کی حمایت میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔‘

کیش پٹیل نے دعویٰ کیا کہ شاہ زیب خان نے مبینہ طور پر سات اکتوبر 2024 کو اسرائیل میں حماس کے حملے کے ایک سال مکمل ہونے پر اس حملے کی منصوبہ بندی کی تھی- تاہم ایف بی آئی کی ٹیموں اور ہمارے پارٹنرز نے ان منصوبوں کو بے نقاب کیا۔‘

کیش پٹیل کے مطابق ’شاہ زیب خان کو کینیڈا کے حکام نے چار ستمبر 2024 کو گرفتار کر لیا تھا۔ اور اب وہ امریکہ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ امریکی عدالتوں کا سامنا کریں گے۔‘

کیش پٹیل نے لکھا کہ ’یہ کیس دہشت گردی کے مسلسل خطرے کی یاد دہانی کرتا ہے جو دنیا کے ہر کونے کو درپیش ہے۔ یہودی برادریوں کے خلاف خطرات میں پریشان کن اضافے سے متعلق ایف بی آئی چوکس رہے گا اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔‘

Share This Article