لاس اینجلس میں تشدد مظاہرے، ٹرمپ نے مزید گارڈز تعینات کرنے کا اعلان کردیا

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی ریاست لاس اینجلس میں امیگریشن کے خلاف جاری مظاہروں پر قابو پانے کے لیے پیر کو مزید 700 امریکی میرینز اور مزید دو ہزار نیشنل گارڈز اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاس اینجلس میں یہ مظاہرے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف چھاپوں کے سلسلے میں پیدا ہونے والی بدامنی کے نتیجے میں شروع ہوئے تھے جن سے نمٹنے کے لیے ٹرمپ نے مزید 2000 نیشنل گارڈز اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ کے اس اقدام کے خلاف کیلی فورنیا کے گورنر گیوم نیوسم نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے اس اقدام کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

یاد رہے کہ کیلیفورنیا میں امیگریشن کسٹمز انفورسمنٹ کے افسران کی جانب سے شہر بھر میں چھاپے مارے جانے کے بعد جمعے کے روز شہر کے مرکزی علاقے کے باہر مظاہرے شروع ہوئے۔

پولیس نے پیر کے روز مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں چلائیں، جنھیں لاس اینجیلس کی سڑکوں پر منتشر ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے اس سے قبل ہفتے کو دو ہزار نیشنل گارڈ اہلکاروں کو طلب کیا تھا جن میں سے تقریباً 300 نے اتوار کو وفاقی عمارات اور عملے کی حفاظت کے لیے اپنے فرائض سنبھالے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سرحدی جانشین ٹام ہومن نے ہفتے کے روز فاکس نیوز کو بتایا کہ’ہم لاس اینجلس کو محفوظ بنا رہے ہیں۔‘

کیلیفورنیا شہر میں سنیچر کے روز بھی بدامنی رہی جب لاطینی اکثریت والے ضلع کے رہائشیوں کی میگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے وفاقی ایجنٹوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔

ضلع پیراماؤنٹ میں ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا۔

آئی سی ای کی کارروائیوں کے نتیجے میں رواں ہفتے ایل اے میں 118 گرفتاریاں کی گئیں، جن میں سے 44 جمعے کو ہوئی تھیں۔

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ان چھاپوں کو ’ظالمانہ‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’حالیہ دنوں میں پرتشدد ہجوم نے لاس اینجلس، کیلیفورنیا میں ملک بدری کی کارروائیوں کے دوران آئی سی ای کے افسران اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے ہیں۔یہ کارروائیاں امریکہ میں غیر قانونی مجرموں کے حملے کو روکنے کے لیے ضروری ہیں۔‘

بیان کے مطابق ’اس تشدد کے تناظر میں کیلیفورنیا کے بے حس ڈیموکریٹ رہنماؤں نے اپنے شہریوں کی حفاظت کی اپنی ذمہ داری سے مکمل طور پر دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایک صدارتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس میں اس لاقانونیت سے نمٹنے کے لیے 2000 نیشنل گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے۔‘

Share This Article