گومازی وزامران میں پاکستانی فورسز پر حملے ،دشت میں مسلح افراد کی ناکہ بندی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان ضلع کیچ کے علاقوں گومازی اور زامران میں پاکستانی فورسز کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ دشت میں مسلح افراد نے مین روڈ پر ناکہ بندی کرکے گھنٹوں تک چیکنگ کی۔

تمپ اور زامران میں مسلح افراد نے فورسز کی چوکیوں کو حملوں کا نشانہ بنایا۔

تمپ، گومازی میں مغرب کے بعد مسلح افراد نے شہید کیپٹن جہانگیر کے گھر پر قائم فورسز کی چوکی پر راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

حملے کے دوران شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی گئیں۔

دوسری جانب زامران کے علاقے کوتان میں آج صبح سات بجے مسلح افراد نے فورسز کی چوکی کو حملے میں نشانہ بنایا۔

حملوں میں فورسز کو جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاہم حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

اسی طرح ضلع کیچ کے علاقے دشت میں مسلح افراد نے مین روڈ پر ناکہ بندی اور دو گھنٹے تک چیکنگ کا سلسلہ چلتا رہا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق، تربت اور دشت کو ملانے والی مین روڈ پر مسلح افراد دو گھنٹے تک مسلسل گاڑیوں کی تلاشی لیتے رہے، تاہم فورسز کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا اور وہ اپنے کیمپ تک محدود رہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مند کی مین روڈ پر بھی اسی نوعیت کی ناکہ بندی کی گئی تھی، جبکہ فورسز کو متعدد حملوں میں نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

ایسی کارروائیاں بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے کی جاتی ہیں۔

مسلح تنظیموں کا کہنا ہے کہ ہماری ناکہ بندیوں کا مقصد بلوچ عوام کو تنگ کرنا نہیں، بلکہ دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ہے۔

Share This Article