بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں زامران و کوئٹہ حملوں میں پاکستانی فوج کے 5 اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے زامران اور کوئٹہ میں دو مختلف حملوں میں قابض پاکستانی فوج اور اس کی ذیلی فورسز کو نشانہ بنایا، جن کے نتیجے میں 5 دشمن اہلکار ہلاک اور ایک آفیسر سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سرمچاروں نے کیچ کے علاقے زامران میں کنڈ کاپران کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ حملے کی زد میں دشمن کی دو گاڑیاں آئیں، جن میں سے ایک مکمل طور پر ناکارہ ہوگئی۔ کارروائی کے نتیجے میں 5 اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح، ہمارے سرمچاروں نے سوموار کے روز کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر واقع بکرا منڈی کے قریب پولیس کی گاڑی کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا۔ حملے میں ایس ایچ او نوراللہ سمیت دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچ لبریشن آرمی ان دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ ہماری مسلح جدوجہد قابض ریاستی افواج کے مکمل انخلا اور قومی آزادی کے حصول تک جاری رہے گی۔