تربت،مستونگ اور نال میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ،2 لاشیں برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read
The dead man's body. Focus on hand

بلوچستان کے علاقے تربت اور نال میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مستونگ اور تربت میں 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

تربت شہر کے علاقے ملائی بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت طاہر رحمدل کے نام سے ہوگئی ہے جس کا تعلق ملائی بازار سے ہے۔

لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ ضلع خضدار کے علاقے نال میں پیش آیا۔

نال میں سی پیک روڈ پرنامعلوم افراد نے صمند چیک پوسٹ کے قریبی موبائل ٹاور پر فائرنگ کی ۔
فائرنگ سے چوکیدار کوگولی لگی جس سے وہ ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے چوکیدارکی شناخت محمد اسلم ولد محمد بخش کے نام سے ہوگئی ہے۔

واقعہ کے بعد مقتول کے ورثاء نے لاش کو روڈ پر رکھ کر سخت احتجاج کیا اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مقتول کے ورثاء اور نال انتظامیہ کے درمیان ایک گھنٹے کی مذاکرات کے بعد روڈ کھل دی گئی ۔

دوسری جانب تربت میں بس ٹرمینل کے قریب واقع بانک چڑھائی کے علاقے سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

لاش کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی، جسے مزید شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح مستونگ میں کلی پردل کے قریب جنگل سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاش 3 سے 4 روز پرانی اور ناقابل شناخت ہے۔

Share This Article