انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ نے جمعرات کو اُن کے ساتھ کی جانے والی ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ ’امریکہ انڈیا کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کے حقِ دفاع کی حمایت کرتا ہے۔‘
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے امریکی وزیر دفاع سے ہونے والی اپنی گفتگو کی تفصیلات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پوسٹ کی ہیں۔
فی الحال امریکی وزیر دفاع کے آفس سے اس گفتگو کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
راج ناتھ سنگھ کے مطابق اُن کے امریکی ہم منصب نے دہشت گردی کے خلاف انڈیا کی کوششوں پر اس کی حمایت کا اعادہ کیا اور پہلگام حملے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
انڈین وزر دفاع نے مزید دعویٰ کیا کہ انھوں نے امریکی سیکریٹری دفاع کو یہ بھی بتایا کہ ’دہشت گرد تنظیموں کی حمایت، تربیت اور مالی اعانت کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ رہی ہے۔‘
انڈین وزیر دفاع کے مطابق اپنی گفتگو میں انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری واضح اور دوٹوک انداز میں دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائیوں کی مذمت کرے۔