انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی۔
انڈیا کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انل چوہان بھی اس اجلاس کا حصہ تھے۔ اجلاس میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد انڈیا کے جوابی اقدامات پر غور بھی کیا گیا۔ واضح رہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔
تاہم اب تک وزیرِ اعظم نرندر مودی کی سربراہی میں ہونے والے اس اہم اجلاس سے متعلق سرکاری طور پر کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔
انڈیا کے وزیرِ اعظم نرندر مودی نے اس حملے کے بعد اپنے ایک خطاب میں اس حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو سخت سزا دینے کا اعلان کیا تھا۔
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پہلگام حملے کے ردعمل میں طریقہ کار، اہداف اور وقت کا تعین کرنے میں مسلح افواج کو ’مکمل آپریشنل آزادی‘ ہے۔
انڈین نیوز ایجنسی پی ٹی آئی اور اے این آئی کے مطابق وزیر اعظم مودی نے کہا ہے کہ پہلگام میں حملے کے بعد مسلح افواج کو ’کھلی آپریشنل آزادی‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج انڈیا کے ردعمل کے لیے طریقہ کار، اہداف اور وقت کا تعین کریں گی۔
انھوں نے یہ بیان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر دیا جس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال سمیت تینوں سروسز کے سربراہان موجود تھے۔
مودی نے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے قوم متحد ہے اور انھیں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ قابلیت پر مکمل اعتماد ہے۔