بلوچستان میں "را” کی مداخلت کے شواہد موجود ہیں،بھارت بی ایل اے کو مسلح کررہا ہے،پاکستان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی میڈیا ٹی وی چینل جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے پاس بلوچستان میں راءکی مداخلت کے کافی شواہد موجود ہیں ۔اور بھارت بی ایل اے کو مسلح کررہا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ مصدقہ اطلاع ملی ہے کہ بھارت ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو پاکستان میں عسکریت پسندی کے لیے مسلح کررہا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے )کو پاکستان میں عسکریت پسندی کے لیے مسلح کررہا ہے تاکہ پنجاب اور سندھ سمیت پورے پاکستان میں عسکریت پسندی کی لہر پھیل جائے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ پہلگام حملے میں جس تنظیم کا نام لیا جارہا ہےاسے کوئی جانتا بھی نہیں۔ پلواما اور سکھوں کے قتل میں بھی ایسی ہی ڈمی تنظیموں کے نام لیے گئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بھارت کے انٹیلی جنس اہل کار ہیں جو قتل عام کر رہے ہیں، ہم کراچی سے گلگت تک ہائی الرٹ رہیں گے۔

علاوہ ازیں وزیردفاع خواجہ آصف نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دے گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دنیا کو دونوں جوہری ملکوں کے درمیان کشیدگی پر فکر مند ہونا چاہیے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، دونوں ملکوں کے درمیان تصادم کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جیو نیوز کے پروگرام شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے سے متعلق بھارت کے پاس اگرکوئی ثبوت ہے توہمیں بھی دکھائے،ہم کھلے دل سے دیکھنے کےلیے تیارہیں۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ البتہ ہمارے پاس بلوچستان میں راءکی مداخلت کے کافی شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی اورسفارتی محاز پر ہر طرح سے تیارہیں۔ہم نے بھارتی اقدامات کے جواب میں اقدامات اٹھالیے ہیں۔بھارت اگر کوئی ایڈونچر کرتا ہے تواس کےلیے ہماری افواج تیارہیں،بہترہوگا کہ بھارت کوئی غلط سوچ نہ رکھے۔

Share This Article