بلوچستان کے مر کزی شہر کوئٹہ اور بلیدہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات سے خواتین سمیت 6 افراد قتل کر دیئے گئے۔جبکہ کوہلو میں بارودی سرنگ دھماکے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
گذشتہ روزکوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے سے متعلق پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں فائرنگ کے دوسرے واقعہ میں ایک نائی ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں کی حمام پرفائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے علاقے تھانہ منظور شہید کے ایریا پرکانی اسٹریٹ میںنامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے حما م پر فائرنگ کرکے ایک شخص احسان کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے نعش قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکرضروری کارروائی کے بعدورثاء کے حوالے کردی اور مزید کارروائی شروع کردی۔
کوئٹہ میں تیسرا واقعہ مشترقی بائی پاس کے علاقے بھوسہ مندی میں پیش آیاجہاں ایک نشے کے عادی شخص نے گھریلو ناچاکی پر فائرنگ کر کے اپنے دو بیٹوں اور بہو کو قتل کردیا۔
فائرنگ سے نشے کے عادی شخص کی بیوی بھی زخمی ہوگئی ۔
پولیس حکام کے مطابق مشترقی بائی پاس کے علاقے بھوسہ مندی میں مبینہ طور پر نشے کے عادی شخص نواب خان نے گھریلو ناچاکی پر فائرنگ کرکے اپنے دو بیٹوں یوسف خان اور جمعہ خان اور بہو رقیہ زوجہ یوسف خان کو قتل کردیا ۔
فائرنگ سے نشے کے عادی شخص کی بیوی ملاکلہ بھی زخمی ہوگئی فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ،جبکہ لاشوں اور زخمی کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔
فائرنگ کا چوتھا واقعہ ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ، بٹ کورے پشت میں پیش آیا جہاں ایک نوجْوان کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا ہے۔
مقتول کی شناخت بیبگر عبدالواحد کے نام سے ہوگئی ہے۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کو بلیدہ بٹ کورے پشت میں گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد نے ان کے باغ میں گولیاں مارکر قتل کردیا۔ جس کے سبب وہ رات کو گھر لوٹ نہ سکے۔
خاندان کے دیگر افراد نے رات کو انہیں ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن وہ اسے ڈھونڈنے میں ناکام رہے تاہم آج صبح ان کے باغیچے میں ان کی نعش ملی جو ایک روز پرانی لگ رہی تھی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے موبائل فون ،سائیکل بھی نامعلوم افراد لے گئے تھے۔
تاہم اس کو قتل کرنے کی وجوہات معلوم نہ ہوسکی۔
ادھر کوہلو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
لیویز حکام کے مطابق منگل کو کوہلو کی تحصیل کاہان میں پوڑھ کے مقام پر بارودی سرنگ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔
جس کی زد میں آکر شاہ بخش نامی شخص ہلاک ہوگیا ۔
واقعہ کے بعد لیویز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔