ڈاکٹر ماہ رنگ کی درخواست ضمانت مسترد، کیس متعلق اہم پریس کانفرنس کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان ہائی کورٹ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے اسیر سربراہ اور انسانی حقوق کی علمبردار ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے مقدمے، سی پی نمبر 358/25، کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

عدالت نے یہ آئینی درخواست نمائندگی میں تبدیل کرتے ہوئے اسے کارروائی کے لیے سیکریٹری داخلہ بلوچستان کو بھیج دیا ہے۔

بلوچستان ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے منگل کوڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا۔ عبوری چیف جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس عامر رانا پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نادیہ بلوچ بنام گورنمنٹ آف بلوچستان کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزار سب سے پہلے اپنی شکایات وزارت داخلہ کے سامنے پیش کریں۔

اس کی تصدیق ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی وکیل عمران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کرتے ہوئے کیا۔

اس سلسلے میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ہمشیرہ نادیہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے آج ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے خلاف 3 ایم پی او سے متعلق مقدمہ محکمہ داخلہ کو منتقل کر دیا ہے۔ یہ امر واضح ہے کہ معزز عدالت اور اس کے ججز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، ان پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر ملک کی عدلیہ انصاف فراہم نہیں کرسکتی ہے اور نہ ہی فیصلہ سنانے کی ہمت رکھتی ہے تو عوام کس سے امید رکھیں؟

انہوں نے کہا کہ ہم آج اس مقدمے کی مزید تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے ایک پریس کانفرنس منعقد کر رہے ہیں۔ میں تمام ذرائع ابلاغ سے درخواست کرتی ہوں کہ اس اہم معاملے کو کوریج دیں۔

دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بھی ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کیس سے متعلق نادیہ بلوچ کی پریس کانفرنس کی تصدیق کرتے ہوئے باقاعدہ اعلان کیا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب ڈاکٹر ما ہ رنگ کیس کے حوالے سے آج سہ پہر 3:30 بجے کوئٹہ پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں وکلاء اور دیگر رفقاء بھی شریک ہوں گے۔

بی وائی سی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد میڈیا کے توسط سے اس اہم کیس سے متعلق حقائق کو اجاگر کرنا اور عوام کو آگاہ کرنا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے وابستہ تمام ساتھیوں سے گزارش کی کہ وہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر کوریج دیں اور انصاف کی اس جدوجہد میں ہماری آواز بنیں۔

Share This Article