پاکستان کے صوبہ خیر پختونخواکے افغانستان سے متصل علاقہ جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئے خیلہ میں گذشتہ روز اغوا کیے گئے دو پولیس اہلکاروں، کانسٹیبل حمید شاہ دوتانی اور کانسٹیبل اشرف دوتانی کو عسکریت پسندوں نے قتل کر دیا ہے۔
دونوں اہلکاروں کی لاشیں توئے خیلہ کے قریبی علاقے سے برآمد ہوئی ہیں۔
ضلعی ہولیس افسر آصف بہادر نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں نے گذشتہ روز پولیس اہلکاروں کے گھروں پر رات کی تاریکی میں چھاپہ مارا اور انھیں اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔
واقعے کے بعد دوتانی قبیلے نے روایتی لشکری نظام کے تحت جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کی لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات تھے۔ اس ہولناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔
دوسری جانب دوتانی قبیلے کے عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے اور علاقے میں مستقل قیام امن کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔