ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پیر کے روز خبردار کیا کہ اگر امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی پر عمل کرتے ہوئے ایران پر حملہ کرتا ہے تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ’امریکہ اور اسرائیل کی ہمیشہ سے ہم سے دشمنی رہی ہے۔ وہ ہمیں حملے کی دھمکیاں دیتے ہیں جو ہمیں زیادہ ممکنہ نہیں لگتا لیکن اگر انھوں نے کوئی شرارت کی تو انھیں یقیناً بھرپور جواب دیا جائے گا۔‘
علی خامنہ ای نے مزید کہا ’اگر وہ ماضی کی طرح ملک کے اندر انتشار پھیلانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ایرانی عوام خود ہی ان سے نمٹ لیں گے۔‘
خیال رہے ایرانی حکام حالیہ بدامنی کا الزام مغربی طاقتوں پر عائد کرتے ہیں، ان میں 2022-2023 کے وہ مظاہرے بھی شامل ہیں جو مہسا امینی کی حراست میں ہلاکت کے خلاف ہوئے تھے۔ اسی طرح 2019 میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہونے والے ملک گیر احتجاج کو بھی مغربی سازش قرار دیا جاتا ہے۔