بلوچستان کے صنعتی شہر حب اور ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد میں پولیس تھانوں پر حملوں کی اطلاعات ہیں جہاں حملہ آوروں نے حملے کے بعد اسٹیشن کو نذر آتش کردیا اور اسلحات بھی ضبط کرلئے جبکہ پسنی شہر میں زوردار دھماکے کی آوازیں سنی گئیں ۔
تربت سے اطلاعات ہیں نامعلوم مسلح افراد نے کیچ کے علاقے ناصرآباد میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور بعد ازاں اسٹیشن کو نذر آتش کردیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور پولیس اسٹیشن سے سرکاری اسلحہ بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔لیکن انتظامیہ ذرائع سے اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
اسی طرح حب سٹی تھانے پر دستی بم حملہ ہو اہے لیکن جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے سٹی تھانہ حب پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا تاہم کسی کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔
دوسری جانب ضلع گوادر کے تحصیل پسنی سے اطلاعات ہیں کہ شہر میں ایک زوردار دھماکے اور بعد میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
پسنی پولیس نے دھماکہ کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ دھماکے کی جگہ اور ممکنہ نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
اب تک ان حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے البتہ امکان ہے کہ یہ بلوچ عسکریت پسندوں کی کارروائیاں ہونگیں۔