بلوچستان کے علاقے قلات میں پاکستانی فوج پر ہونے والے ایک دھماکے سے 2 اہلکار ہلاک اور میجر سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ حب میں پولیس چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا ۔
ضلع قلات میں فورسز پر حملے میں حکام کے مطابق میجر رینک کے آفیسر سمیت تین اہلکار زخمی اور 2 ہلاک ہوئے ہیں۔
ہلاک اہلکاروں میں نائیک محمد شریف اور نائیک باقر شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں میجر حیسب عالم، نائیک محمد ضیاء اللہ اور نائیک جاوید احمد شامل ہیں۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح قلات کے علاقے ہربوئی میں فورسز کے قافلے میں شامل گاڑی کو نامعلوم افراد نے بم دھماکے میں نشانہ بنایا ہے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب حب میں منگل کی شب ساکران روڈ پر مینگل آباد پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
پولیس کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ وقوعہ کا معائنہ کرنے کیلئے پولیس کے اعلیٰ افسران اور بم ڈسپوزل عملہ موقع پر پہنچ گیا اور وقوعہ کا معائنہ کیا ۔