بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
نوشکی پولیس کے سربراہ ہاشم مہمند نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر کی شب نوشکی شہر میں غریب آباد کے علاقے میں پیش آیا تھا۔
ان کے مطابق چاروں اہلکار اس علاقے میں معمول کی گشت پر تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔
ہاشم مہمند نے بتایا کہ چاروں اہلکاروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگیچر میں مسلح افراد کے ایک حملے میں چار مزدور ہلاک ہوئے تھے۔جس کی بعد ازاں ذمہ داری بی ایل اے آزاد نے قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہلاک افراد کا تعلق پاکستانی فوج کے خفیہ اداروں سے تھا جو بھیس بدل کر مخبری کا کام کرتے تھے ۔