غزہ میں وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چار سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ لوگوں نے جان بچانے کے لئے نقل مکانی شروع کردی ہے۔
حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ اب بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں 660 افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتالوں میں لایا گیا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) اور اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ غزہ میں ’عسکریت پسندوں کے اہداف‘ پر حملے جاری رکھیں گے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند گھنٹوں میں انھوں نے ’عسکریت پسندوں کے سیلز، لانچ پوسٹس، اسلحے کے سٹاک پائلز اور اضافی فوجی انفراسٹرکچر‘ کو نشانہ بنایا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت اسرائیل غزہ کی پٹی پر مختلف اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔