نصیر آباد، جعفر آباد و کراچی سے پاکستانی فورسز ہاتھوں 3 افراد جبراً لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے نصیر آباد، جعفرآباد اورسندھ کے شہر کراچی سے پاکستانی فورسز نے 3 افراد کوجبری گمشدگی کا نشانہ بنایاہے۔

گزشتہ شب نصیر آباد اور جعفر آباد کے علاقوں میں گھروں کی تقدس کو پامال کرتے ہوئے دو بے گناہ بلوچ نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتہ کر دیاگیا ہے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے جعفر آباد کے علاقے صحبت پور میں ایک گھر پر حملہ آور ہو کر جوانسال ولد گہوار بگٹی کو جبری طور پر لاپتہ کردیا۔ اسی طرح نصیر آباد کے علاقے روجھان جمالی میں کولمیر ولد حبیب کوہلی بگٹی کو ان کے گھر سے غیر قانونی طور پر حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا ۔

علاوہ ازیں پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی سے فورسز نے ایک ہسپتال سے زیر علاج بلوچ نوجوان سرفراز ولد نواز کو 27 فروری کی رات غیر قانونی طور پر حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا۔

وہ تاحال بازیاب نہیں ہو سکے۔

متاثرہ خاندان کا مطالبہ ہے کہ سرفراز بلوچ کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے اور اگر اس پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے، بصورتِ دیگر اسے فوری رہا کیا جائے۔

Share This Article