بلوچستان کے علاقے کوئٹہ اور اوستہ محمد میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
اوستا محمد میں پولیس تھانہ کیٹل فارم ضلع جعفر آباد کی حدود میں سکندر شاخ کے قریب ڈکیتی کی کوشش کے دوران فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ گولہ برادری کے افراد کار میں سفر کر رہے تھے کہ ڈاکوں نے انہیں روکنے کی کوشش کی، مگر گاڑی نہ روکنے اور مزاحمت پر ڈاکوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں صوفی فتح محمد گولہ اور پہلوان خان گولہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ میر محمد گولہ شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
دوسری جانب مقتولین کے لواحقین اور گولہ برادری کے افراد نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خان پور کھیر تھر پل پر جیکب آباداوستا محمد روڈ بلاک کر دیا اور بدامنی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں دکان میں چوری کی کوشش میں فائرنگ سے چور ہلاک اور دکاندار زخمی ہوگیا۔
کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کلی ناصران میں ایک اسٹیشنری دکان میں چوری کی کوشش کے دوران دکاندار کی فائرنگ سے ایک چور ہلاک ہوگیا۔
جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دکاندار بھی زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق چور اسکول کے سامنے واقع اسٹیشنری کی دکان میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے کہ دکاندار نے انہیں دیکھ کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک چور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فائرنگ کے دوران دکاندار بھی زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔