تمام اسرائیلی یرغمالی رہا نہیں کیے گئے تو حماس کا کوئی فرد نہیں بچے گا، ٹرمپ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عسکریت پسند تنظیم حماس کو ’آخری وارننگ‘ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا توحماس کو اس کی بڑی قیمت چکانا پڑے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ٹروتھ سوشل کے ذریعے حماس کو براہ راست دھمکی دیتے ہوئے تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا یہ بیان جنگ بندی کے معاہدے کے تحت رہا ہونے والے یرغمالیوں کے گروہ سے ملاقات کے فوری بعد سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے حماس کے خلاف نئی دھمکی جاری کی۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اسرائیل کو وہ سب کچھ مہیا کر رہا رہا ہوں جو اسے اپنا کام مکمل کرنے کے لیے درکار ہے، اگر میرے کہنے کے مطابق عمل نہ کیا گیا توحماس کا ایک بھی رکن محفوظ نہیں رہے گا۔

امریکی صدر نے تحریک کی قیادت کو ایک پیغام بھی بھیجا ہے جس میں ان سے غزہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ’جب تک کہ ان کے پاس موقع موجود ہے۔‘

غزہ کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’آپ کے سامنے ایک خوبصورت مستقبل ہے، لیکن ااس کے لیے آپ کو یرغمالیوں کو چھوڑنا ہو گا یا پھر بعد میں بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔‘

ایسا پہلی بار نہیں جب صدر ٹرمپ نے حماس کو دھمکایا ہو۔ اس سے قبل دسمبر میں اقتدار سنبھالنے سے قبل صدر ٹرمپ نے مغویوں کو چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یرغمالیوں کو نہ چھوڑا گیا تو وہ حماس کے لیے جہنم کا دروازہ کھول دیں گے۔

Share This Article