یوکرین ،برطانیہ و فرانس مابین سیزفائر پلان تیار کرنے اورروس پر معاشی دباؤ بڑھا نے پر اتفاق

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

یوکرین ،برطانیہ اور فرانس کے درمیان سیزفائر پلان تیار کرنے اور روس پر معاشی دباؤ بڑھا نے پر اتفاق ہوا ہے۔

روسی یوکرینی جنگ میں سیزفائر کے لیے برطانیہ، فرانس اور یوکرین مل کر ایک جنگ بندی منصوبہ تیار کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔

یہ پیش رفت روسی یوکرینی جنگ کے خاتمے سے متعلق مشاورت کے لیے اتوار کو لندن منعقدہ سمٹ میں سامنے آئی۔

برطانوی دارالحکومت لندن سے اتوار دو مارچ کی سہ پہر تک موصولہ رپورٹوں کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے لندن میں اس سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے جمع عالمی رہنماؤں کو بتایا کہ ان سب کو یورپ کی سلامتی کے لیے مل کر ایک ایسے ”نادر لمحے کو بروئے کار لانا ہو گا، جو ایک پوری نسل انسانی کو صرف ایک ہی بار‘‘ ملتا ہے۔

وزیر اعظم اسٹارمر نے کہا کہ لندن میں اس عالمی اجتماع سے اچھے نتائج حاصل کرنا ”ان تمام ممالک کی سلامتی کے لیے بھی ناگزیر ہے جو یہاں موجود ہیں اور ان کے لیے بھی جو یہاں موجود نہیں۔‘‘

وسطی لندن میں اس سمٹ کے آغاز اور باقاعدہ مذاکرات سے قبل جب آفیشل فوٹوز بنائی جانے والی تھیں، اس سے قبل میزبان کے طور پر ایک میز پر درمیان میں برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر بیٹھے تھے اور ان کے ساتھ دائیں اور بائیں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی بھی بیٹھے ہوئے تھے۔

ان تینوں رہنماؤں کا اس طرح ایک ساتھ بیٹھے ہونا دراصل ان کے درمیان آج اتوار کو قبل از دوپہر ہونے والی اس سہ فریقی مشاورت کا استعارہ بھی تھا، جس میں برطانیہ، فرانس اور یوکرین نے آپس میں اتفاق کیا کہ وہ یوکرین میں روس کی شروع کردہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک سیزفائر پلان پر مل کر کام کریں گے۔

اسٹارمر کے مطابق لندن، پیرس اور کییف مل کر ایک ایسا جنگ بندی منصوبہ تیار کریں گے، جو بعد میں امریکہ کو پیش کیا جائے گا۔

لندن میں منعقد یورپی ممالک کے رہنماؤں کے اہم اجلاس میں یوکرین کی حمایت اور سلامتی کے حوالے سے جائزے کے بعد طے پایا کہ جب تک روس یوکرین جنگ جاری ہے یوکرین کے لیے فوجی امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

برطانیہ، فرانس اور دیگر یورپی ممالک نے یوکرین کی حمایت اور جنگ بندی کے حوالے سے برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے پیش کیے گئے ایک منصوبے پر اتفاق کیا ہے جسے امریکہ کے ساتھ زیر بحث لایا جائے گا۔

اجلاس میں طے پایا کہ یوکرین کے دفاع اور وہاں امن کی ضمانت کے لیے ’مرضی کے حامل ممالک کا اتحاد‘ قائم کیا جائے گا جبکہ برطانیہ یوکرین کو نئے میزائیلوں کی خریداری کے لیے 1.6 ارب پاؤنڈز دے گا۔

لنکاسٹر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی میزبانی برطانوی وزیر اعظم کیئرسٹارمر نے کی جس کے اختتام پر یوکرین میں امن کے لیے چار نکات پر اتفاق ہوا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کسی بھی امن مذاکرات میں کیئو کو شامل کیا جائے گا جبکہ یورپی رہنما مستقبل میں روسی جارحیت کو روکنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

Share This Article