بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر گوادر سے کراچی اور کراچی سے گوادر جانے والی دو مسافر بسوں کے درمیان پھور ندی کے مقام پر خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ،متعددزخمی اور کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو زرائع کے مطابق لیاری اور پھور رسملان کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
ٹرانسپورٹ ذرائع کے مطابق الحنیف کوچ نمبر TDA-111 کراچی سے گوادر جب کہ شیرجان کوچ FDS-5858 گوادر سے کراچی جارہی تھی جو آپس میں ٹکرا گئیں تاہم ابھی تک حادثے کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے۔
اسٹیشن کوآرڈی نیشن ای آر سی مکران کوسٹل ہائی وے دنیش کمار کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیمیں زخمیوں کو بسوں سے نکال کر ڈی ایچ کیو اوتھل منتقل کررہی ہیں ۔زخمیوں میں سے بہت سوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔
ان کے مطابق ابھی تک 3 نعشیں گاڑیوں سے نکالی گئی ہیں تاہم صورت حال ابھی تک واضح نہیں ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اوتھل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کوسٹل ہائی مکران حاجی خان نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملنے کے فوری بعد ایمرجنسی ریسکیو سینٹر کو متحرک کردیا گیا اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پہنچے جب کہ ڈی ایچ کیو اوتھل میں بھی ایمرجنسی لگائی گئی حاجی خان نے بتایا کہ اوتھل کے ہسپتال میں ریسکیو سینٹر کے 10 اہلکار لگادیے ہیں جب کہ باقی تمام عملہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔