اسرائیلی یرغمالیوں و فلسطینی قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہو گیا، حماس

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

فلسطین کی مسلح تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے آخری مرحلے میں تاخیر کے مسلئے کے حل پر اتفاق کر لیا گیا ہے جس کے تحت یرغمالیوں اور مرنے والوں کی لاشوں کو بیک وقت اسرائیل کے حوالے کیا جائے گا اور اسی دوران فلسطینی خواتین اور بچوں کی بھی رہائی عمل میں آئے گی۔

بدھ کی صبح حماس کی جانب سے جاری اس بیان میں قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی کے وقت کا ذکر نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب حماس کے بیان پر تاحال اسرائیل نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکہ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی سٹیو وتکوف نے مشرق وسطی کا اپنا دورہ مصروفیات کے باعث فی الحال ملتوی کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ’اسرائیل اپنا ایک وفد مصر یا قطر بھیجے گا اور اگر معاملات ٹھیک رہے تو دوسرے مرحلے کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے وہ اتوار کو وہاں کا دورہ کریں گے تاکہ مزید یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنائی جا سکے۔‘

اسرائیلی حکام کے حوالے سے خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل 42 دن کی جنگ بندی میں توسیع پر غور کر رہا ہے تاکہ باقی 63 یرغمالیوں کی بازیابی کو ممکن بنایا جا سکے جبکہ فی الحال غزہ کے مستقبل سے متعلق کسی معاہدے کو مؤخر کیا جا رہا ہے۔

Share This Article