تمام یرغمالیوں کو نہیں چھوڑا گیا تو غزہ کے لیے ’جہنم کے دروازے‘ کھول دینگے، نیتن

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کرنے کی صورت میں جنگ دوبارہ شروع کرنے کی اپنی دھمکی کو ایک بار پھر دہرایا ہے کہ اگر تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو واپس نہیں کیا گیا تو وہ غزہ کے لیے ’جہنم کے دروازے‘ کھول دیں گے۔

بی بی سی عربی کے مطابق نیتن یاہو نے یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ہمارہ ایک پریس کانفرنس کے دوران دیا۔ مارکو روبیو گزشتہ روز اسرائیل پہنچے تھے اور وہ مشرق وسطیٰ کے اپنے پہلے دورے پر ہیں۔

توقع ہے کہ وہ اس دوران خطے کے دیگر ممالک کا بھی دورہ کریں گے۔

نیتن یاہو نے مارکو روبیو کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ’ہمارے پاس ایک مشترکہ حکمت عملی موجود ہے جس میں غزہ کے لیے زندگی تنگ کرنے کے منصوبہ بھی تیار ہے لیکن ہم اس کی مکمل تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر نہیں کر سکتے۔

’اگر ہمارے تمام یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو غزہ کے لیے(جہنم کے ) یہ دروازے ضرور کھلیں گے ۔ ہم حماس کی فوجی صلاحیتوں اور اس کی غزہ میں سیاسی حکمرانی کو ختم کر دیں گے۔‘

اسرائیلی وزیر اعظم کے مطابق ’اسرائیل اور امریکہ مکمل تعاون کے ساتھ غزہ کے معاملے پر کام کر رہے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ اور اسرائیل کے درمیان غزہ کے حوالے سے ایک مشترکہ حکمت عملی موجود ہے۔

’میں سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ صدر ٹرمپ اور میں مکمل ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘ نیتن یاہو اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان مشرق وسطیٰ کے دیگر اہم مسائل پر بھی بات چیت ہوئی، جن میں لبنان، شام اور ایران کی صورتِ حال شامل ہے۔

Share This Article