بلوچستان و خیبر پختونخوا کی بگڑتی صورتحال میں وفاقی فورسز ملوث ہیں،کامران مرتضی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضی ایڈوکیٹ نے ایک نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور افسوسناک حادثات روز کا معمول بنتے جا رہے ہیں، جس کی تازہ مثال مزدوروں کی گاڑی پر حملہ ہے، جس میں کم از کم 11 افرادہلاک اور سات زخمی ہوئے۔

سینیٹر کامران مرتضی کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں آئے روز دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کا معاملہ اگرچہ صوبائی ہوتا ہے، لیکن اس میں وفاقی فورسز بھی ملوث ہیں، اس لیے یہ مسئلہ محض دعا سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے ایوان بالا کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر شہادتوں کی خبریں آ رہی ہیں، سڑکیں بند کی جا رہی ہیں، اور دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت صرف دعائوں  پر اکتفا کرے گی یا عملی اقدامات بھی کرے گی؟

سینیٹر کامران مرتضی نے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی صورتحال پر سنجیدہ اقدامات کیے جائیں اور بلوچستان سمیت خیبر پختونخوا میں جاری بدامنی کے خاتمے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

Share This Article