امریکی صدر ٹرمپ آج غزہ کے معاملے پر اپنا ’سخت موقف‘ دیںگے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ وہ سنیچر کے روز (آج ) غزہ پر اپنا ’سخت موقف‘ سامنے لائیں گے۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان ان دنوں جنگ بندی کا معاہدہ نافذ العمل ہے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے تجویز پیش کی تھی کہ امریکہ غزہ کی پٹی کا کنٹرول سنبھال کر فلسطینیوں کو یہاں سے منتقل کرے اور پھر اس جگہ کو بہتر بنائے۔

دوسری جانب حماس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر ایک بیان میں تین اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے جن کے نام الیگزینڈر ٹروفانوف، یائر ہارن اور ساگوئی ڈیکلچن ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے حماس کے اعلان کیے جانے والے ناموں کی منظوری دے دی ہے اور یہ فہرست ’ہمیں قابل قبول‘ ہے۔

فلسطینی قیدیوں کے انفارمیشن آفس کے مطابق ان تین مغویوں کی رہائی کے بدلے میں اسرائیل غزہ کے 333 قیدیوں کے ساتھ عمر قید کی سزا پانے والے 36 فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کرے گا جنھیں سات اکتوبر 2023 کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جمعرات کو سینیئر اسرائیلی سکیورٹی حکام کے ساتھ ایک اجلاس میں تبادلہ خیال کیا ہے کہ سنیچر کے روز کیا ہو گا۔

اجلاس میں حماس کی جانب سے معاہدے کے برخلاف جانے اور یرغمالیوں کو ان کے حوالے نہ کرنے کی صورت میں جنگ دوبارہ شروع کرنے امکانات پر بھی تبادلہ حیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ حماس کے سات اکتوبر 2023 کو یرغمال بنائے گئے 251 افراد میں سے 73 اب بھی غزہ میں یرغمال ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کے مطابق 35 مغوی ہلاک ہو چکے ہیں۔

Share This Article