بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں ضلع کیچ کے علاقے گورکوپ میں پاکستانی فورسز پر حملہ اور ایک اہلکار کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سرمچاروں نے گزشتہ رات 9 بجے کیچ کے علاقے گورکوپ نیامی کلگ میں سرودی کے مقام پر قائم قابض پاکستانی فورسز کے کیمپ پر جدید و بھاری ہتھیاروں سے حملہ کرکے فوج کے ایک اہلکار ہلاک اور دو کو زخمی کیا۔ جبکہ حملے میں فورسز کو مالی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد قابض فورسز نے حسب معمول شہری آبادی پر متعدد مارٹر گولے داغے اور کافی دیر تک فائرنگ کی تاہم سرمچار اپنی کامیاب حکمت عملی کے تحت محفوظ مقامات پر پہنچ گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور بلوچستان کی مکمل آزادی اور قابض افواج کے انخلاء تک ہمارے حملے جاری رہینگے۔