ایک امریکی فوجی طیارہ ایک سو چار تصدیق شدہ‘‘ غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو لے کر بدھ کی سہ پہر امرتسر میں اترا۔
یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے ملک بدریوں کے عمل میں نئ دہلی کی شمولیت کی نشاندہی کرتا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق امریکی فوجی طیارے میں سوار اور امریکہ سے ملک بدر کیے گئے ان افراد میں سے 30 پنجاب کے رہائشی ہیں۔ ہریانہ اور گجرات میں سے ہر ایک سے مزید 33 ملک بدر کردہ باشندے بھی شامل تھے۔ ان 104 بھارتی شہریوں میں سے تین کا تعلق مہاراشٹر اور اتر پردیش سے ہے جبکہ دو چنڈی گڑھ کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔ اس سے قبل 205 غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کے امریکہ سے ملک بدر کیے جانے کی اطلاعات تھیں۔
یہ امریکی طیارہ پنجاب پولیس کی سخت حفاظت میں مقامی وقت کے مطابق بدھ پانچ فروری کو بعد دوپہر ایک بج کر 55 منٹ پر سری گرو رام داس جی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔
امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کا اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت کے تارکین وطن کے خلاف یہ پہلا کریک ڈاؤن ہے۔ ملک بدر ہونے والوں بھارتی شہریوں کی مجموعی تعداد کے بارے میں سرکاری تصدیق کا ابھی انتظار ہے۔
بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکی فوجی طیارے میں سوار اور ملک بدر کیے جانے والے تمام بھارتی شہری ”تصدیق شدہ‘‘ ہیں، جو اس عمل میں نئی دہلی کی شمولیت کی نشاندہی کرتا ہے۔ ممکنہ طور پر ایسی مزید کئی پروازیں ملک بدر کیے جانے والے غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو امریکہ سے واپس لائیں گی۔
ان غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کی امریکہ سے ملک بدری ایسے وقت پر ہوئی ہے، جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اگلے ہفتے ہی امریکہ کے سرکاری دورے پر جانے والے ہیں۔ ٹرمپ کے دوسری بار امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہو گا۔
بھارتی اپوزیشن کی جماعت کانگریس کا دعویٰ ہے کہ امریکہ سے ملک بدر کیے گئے بھارتیوں کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں اور انہیں ذلیل کیا گیا۔
کانگریس پارٹی کے میڈیا اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ”امریکہ سے ڈی پورٹ ہوتے ہوئے بھارتیوں کی ہتھکڑیاں لگے ہوئے اور ان کی تذلیل کی تصویریں دیکھ کر ایک بھارتی شہری کے طور پر مجھے دکھ ہوا ہے۔‘‘
دریں اثنا ریاست پنجاب کے وزراء اور حکام نے ان افراد کی ملک بدری کے امریکی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ بیرون ملک مقیم بھارتی شہریوں (این آر آئیز) کے امور کے ریاستی وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال نے کہا کہ ان افراد کے ملک بدر کیے جانے کے بجائے، ان کی ”امریکی معیشت میں شراکت‘‘ کے پیش نظر ان کو وہاں مستقل رہائش دی جانا چاہیے تھی۔