بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں این او سی لینے کے باجوود کتب میلہ لگانے پر منتظمین کیخلاف ایف آئی آر در ج کرلی گئی ہے ۔
اس سلسلے میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی( بساک) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تنظیم کی جانب جاری بلوچستان کتاب کاروان کے کتب میلوں پر پولیس و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل ہراساں کرنا بدستور جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے شہر حب میں کتب میلہ لگانے کے لئے ضلعی انتظامیہ و ڈپٹی کمشنر سے درخواست جمع کرنے کے بعد این او سی لی گئی۔ ڈپٹی کمشنر سے این او سی لے کر قانونی اجازت لینے کے بعد حب کے مختلف مقامات پر کتب میلوں کا انعقاد کیا گیا، اسی طرح حب کے علاقے ساکران کے مقام پر کتب میلہ لگائی گئی جہاں ہمارے ساتھیوں پر بے بنیاد کیس بنا کر ایف آئی آر کاٹی گئی جو ناصرف ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انتہائی افوسناک و مایوس کن عمل ہے۔
انہوں نے کہا کتب میلہ لگا کر کتابوں کے ذریعہ علم پھیلانے کی پاداش میں ایف آئی آر کرنا اور مسلسل بلوچ نوجوانوں کو ہراساں کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، جسے فوراً رکنا چاہیے۔