دکی میں گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ،تربت سے جبری لاپتہ نوجوان بازیاب

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے دکی میں مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ تربت سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے شکار نوجوان بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا۔

دکی میں نانا صاحب زیارت کے قریب گمبذ کے علاقے میں مسلح افراد کی ویٹس گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت مرحبا خان ولد عبدالمالک جعفر اور زخمی کی شناخت ادریس خان ولد ملا واحد جعفر کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے وقت گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے، تاہم پچھلی سیٹ پر موجود تینوں نوجوان معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

کہا جارہا ہے کہ یہ نوجوان فٹبال میچ دیکھنے کے بعد واپس جا رہے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔

واقعے کے بعد لاش اور زخمی کو فوری طور پر سول اسپتال دکی منتقل کیا گیا جہاں زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ معمولی رنجش کے باعث پیش آئی۔

واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ضلع کیچ کت مرکزی شہر تربت کے علاقے چاہ سر کے رہائشی نوجوان ضمیر سرور بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا ہے۔

ضمیر سرور کو گذشتہ دنوں فورسز نے حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کیاتھا۔

Share This Article