بلوچستان کے قلعہ عبد اللہ کے علاقے گلستان میں گذشتہ شب مسلح افراد نے ایف سی قلعہ پر حملہ کیا۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ رات بھر ایف سی قلعہ کے اندر دھماکے اور مسلسل فائرنگ کی بھی آوازیں سنی گئیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ حملہ آورقلعے کے اندر داخل ہوگئے جس سے دونوں جانب شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔
اب عسکری حکام کی جانب سے حملے کی تصدیق کی جارہی ہے اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قلعے میں نامعلوم مسلح افراد نے دراندازی کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیاگیا ہے۔
حکام کے دعوے کے مطابق مسلح افراد کے ایک گروپ نے کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر واقع گلستان میں ایف سی کے قلعے پر حملہ کیا، اور مقامی آبادی پر فائرنگ کرنے کے علاوہ دستی بم بھی پھینکے۔
انہوںنے کہا کہ تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، حملہ آوروں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حکام کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا، تاہم صورتحال پر قابو پالیا گیا، اس دوران علاقے میں اضافی دستے بھیجے گئے اور چمن سے لیویز اہلکار بھی پہنچے۔
حسب روایت فورسز حکام نے ہلاک افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے ۔
دوسری جانب حملے کی ذمہ داری بھی کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔