خضدار میں قومی شاہراہ پر دھماکا، ہلاکتوں کی اطلاعات

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے خضدار میں ایم 8 قومی شاہراہ پر کھوڑی کے مقام پر زور دار دھماکے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

لیویز حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دھماکا خیز مواد سڑک کنارےکھڑی کار میں نصب کیا گیا تھااور ایک بس کے گزرتے ہی دھماکا ہوگیا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ بس خضدار سے پنجاب جار ہی تھی اور اس میں فورسزاہلکارسوار تھے ۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں بس کی حالت مکمل طور پرتباہ نظر آرہی ہے جبکہ دھماکے میں استعمال ہونے والی سڑک کنارے رکھی گئی بارود والی کاراس طرح تباہ ہوچکی ہے کہ اس کے محض چند حصے نظر آرہے ہیں ۔

لیویز حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 7 افراد زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی مسافر بس میں سوار تھے۔

بعض ذرائع بتاتے ہیں کہ ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ٹراما سینٹر خضدار منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

یہ بھی اطلاعات آرہی ہیں کہ دھماکے کے بعد ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے ۔

ہلاک اور زخمی افراد کی کل تعداد اور شناخت کے حوالے سے تاحال تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔

واضع رہے کہ اس سے قبل پاکستانی فورسزکو مسافر بسوں میں دوران سفر نشانہ بنایا جاچکاہے جن کی ذمہ داری بلوچ عسکریت پسند تنظیم قبول کر چکے ہیں۔

Share This Article