بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک ) کی جانب سے "بلوچستان کتاب کاروان ” کے نام سے بلوچستان بھر میں کتب میلوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن منتظمین کوریاستی رکاوٹوں کابھی سامنا ہے ۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی طرف سے نئے سال کے آغاز کے موقع پر بلوچستان کتاب کاروان کے نام سے شروع کیا گیا مہم آج آٹھارویں روز بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جاری رہا۔
بلوچستان کتاب کاروان مہم کے تحت آج دالبندین، خاران، کلات، منگچر، بل نگور اور حب میں کُتب میلوں کا انعقاد کیا گیا۔
بلوچستان کے مختلف شہروں میں لگائے گئے کُتب میلوں کو پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے مسلسل ختم کرنے اور منتظمین کوہراساں کرنے کے باوجود طلباء و طالبات سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگ بڑی تعداد میں شرکت کر کے علم اور کتاب دوستی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
بلوچستان کتاب کاروان بلوچستان میں کتب بینی اور علمی و شعوری ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے جو کہ تنظیم کی طرف سے پچھلے کئی سالوں سے جاری ہے۔
بساک کا کہنا ہے کہ جنوری کے آغاز میں شروع کیا گیا مہم کل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جاری رہے گا جن میں دشت، بلیدہ، ہوشاپ، جھل مگسی، ڈالبندین، سوراب، حب اور پنجگور شامل ہیں۔