کوئٹہ شہر میں انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار،صارفین کو مشکلا ت کا سامنا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں انٹرنیٹ سروس کی اچانک سست روی نے صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

انٹرنیٹ کی لوڈنگ اور ڈائون لوڈنگ میں غیر معمولی تاخیر کے باعث عام صارفین کے ساتھ کاروباری افراد اور طلبہ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

شہر میں جاری انٹرنیٹ کی سست روی نے ڈیجیٹل کاروبار اور آن لائن خدمات کو مفلوج کر دیا ہے۔

مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے ہونے والے لین دین میں شدید خلل پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آن لائن شاپنگ، بینکنگ، اور دیگر ڈیجیٹل خدمات استعمال کرنے والے افراد کو بھی کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

طلبہ اور اساتذہ، جو آن لائن کلاسز اور تعلیمی مواد کے لیے انٹرنیٹ پر انحصار کرتے ہیں، بھی اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔

تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل ٹولز کا استعمال بڑھ رہا ہے، لیکن انٹرنیٹ کی غیر یقینی صورتحال طلبہ کو ان کے تعلیمی کاموں میں مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

انٹرنیٹ صارفین نے سروس کی غیر معیاری کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عوامی حلقوںکاکہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی اس سست روی سے روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ کوئی متبادل حل بھی نظر نہیں آ رہا۔

کچھ صارفین نے شکایت کی ہے کہ کال سینٹرز اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے شکایات کے باوجود مسئلہ حل کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، انٹرنیٹ سروس کی اس سست روی کی وجہ فائبر آپٹک لائنوں میں خرابی یا نیٹ ورک کے اضافی دبا ہو سکتا ہے۔ تاہم، مقامی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں نے ابھی تک واضح وجہ یا مسئلہ کے حل کے لیے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

Share This Article