کٹھ پتلی حکومت بلوچستان نے ہڑتالی ڈاکٹروں اور طبی عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی ہے اور شوکاز نوٹسز جاری کردیئے گئے۔
حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ہڑتال اور اسپتالوں کی بندش میں ملوث ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس، اور فارماسسٹ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ا س سلسلے میں وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اعلان کیا کہ ہڑتالی ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ان کے مطابق، 29 ڈاکٹروں اور فارماسسٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جن میں میڈیکل افسران ڈاکٹر بہار شاہ، ڈاکٹر کلیم اللہ، ڈاکٹر صبور کاکڑ، ڈاکٹر یاسر اچکزئی، ڈاکٹر مبارک خان، اور ڈاکٹر عبدالمالک شامل ہیںفارماسسٹوں میں اعجاز آغا، عابد عبداللہ، اور فرید خان کو بھی شوکاز نوٹس دیے گئے ہیں۔
دوسری طرف ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ اسپتالوں کی زبردستی بندش میں ملوث ڈاکٹروں، فارماسسٹوں، اور پیرا میڈیکس کو ملازمت سے معطل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال میں شامل ڈاکٹروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کو خط لکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی خدمات کی بندش تشویشناک اور قابل مذمت ہے، اور اس طرح کے اقدامات عوام کو صحت کی سہولیات سے محروم کرنے کے مترادف ہیں۔
حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والے کسی بھی عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔