ضلع خضدار: زہری واقعہ پر لیویز کے 15اہلکار ملازمت سے برخاست

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

حکومت بلوچستان نے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں گذشتہ دنوں بلوچ عسکریت پسندوں کے حملے میں  سرکاری املاک وتنصیبات پر نقصان پہنچنے پر لیویز فورس کے 15اہلکار ملازمت سے برخاست کردیئے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خضدار کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 8جنوری کو خضدار کی تحصیل زہری میں لیویز تھانہ ، زہری ٹائون کمیٹی، یو بی ایل بینک، نادرا کے دفتر پر حملے کے دوران بزدلی ، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر لیویز کے 15اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کردیاگیا ۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق لیویز اہلکاروں کی بزدلی اور غیر ذمہ داری کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے خلاف کسی بھی تحقیقات کی ضرورت نہیں پڑی ۔

واضع رہے کہ 8 جنوری واقعہ کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بی ایل اے نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے بدھ کے روز دس گھنٹوں سے زائد عرصے تک خضدار کے علاقے زہری کا مکمل کنٹرول حاصل کرکے قابض فوج کی رِٹ ختم کر دی۔ اس موقع پر سرمچاروں نے فورسز اہلکاروں کو سرینڈر پر مجبور کیا اور ان کے قبضے سے 23 کلاشنکوف سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود، سرکاری ریکارڈ، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں اپنے تحویل میں لے لیں اور عمارتوں کو نذر آتش کر دیاتھا۔

Share This Article