بلوچستان کے ضلع خضدار کے تحصیل زہری میں پاکستانی فورسزایک نوجوان کو قتل کردیا جبکہ کچھی کے علاقے کولپور میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کرکے لیویز فورس کے اسلحہ ضبط کرلئے اورایک سیمنٹ فیکٹری مشینریز کو نذر آتش کردیا ہے۔
تحصیل زہری سے علاقائی ذرائع کے اطلاعات کے مطابق زہری کے علاقے فراخود بلبل یونین کونسل میں گذشتہ شب فورسز نے ایک گھر کا محاصرہ کیا ۔اس دوران گھر میں موجود ایک نوجوان پر فورسز نے فائرنگ کردی جس سے وہ ہلاک ہوگئے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت سراج احمد ولد نزیر احمد پندرانی کے نام سے ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فورسزکے چھاپے کے دوران کتنے افراد حراست میں لیے گئے ان کی تعداد معلوم نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب ضلع کچھی کے علاقے کولپور سے اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ گذشتہ شب مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد نے گھنٹوں تک ناکہ بندی کی ۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کی بڑی تعداد نے کولپور کے علاقے میں مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کرکے گاڑی کی تلاشی لی۔
اس دوران مسلح افراد نے لیویز چوکی کو قبضے میں لیکر اہلکاروں کا اسلحہ و موٹر سائیکل ضبط کرلیا اور بعدازاں چوکی کو نذرآتش کردیا جبکہ ایک سیمنٹ فیکٹری کے تمام مشینری کو نذرآتش کردیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے دو گھنٹوں سے زائد شاہراہ پر ناکہ بندی کی اور بعدازاں نامعلوم سمت نکل گئے۔
ضلعی حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔