بھارت خطے کا اہم اور معاشی شراکت دارملک ہے، افغان طالبان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں بھارت کو ’خطے کا اہم ملک اور معاشی شراکت‘ دار قرار دیا ہے۔

طالبان کی وزارتِ خارجہ کا یہ بیان بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرام مسری اور قائم مقام طالبان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے درمیان دبئی میں بدھ کو ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

اگست 2021 میں افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد طالبان حکومت اور نئی دہلی کے درمیان یہ اعلیٰ سطح پر ہونے والے پہلے مذاکرات تھے۔

افغان وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق بھارت اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے سمیت ایران کی چاہ بہار بندرگارہ کے ذریعے تجارت بڑھانے جیسے امور پر تبادلۂ خیال ہوا ہے۔

بھارت اپنے پڑوسی ملک پاکستان کی کراچی اور گوادر بندرگار کے مقابلے کے لیے ایران میں چاہ بہار پورٹ بنا رہا ہے۔

افغان وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی متوازن اور معیشت پر توجہ پر مبنی خارجہ پالیسی کے تحت افغانستان بھارت کے ساتھ سیاسی و معاشی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب بھارت کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ نئی دہلی افغانستان میں ترقیاتی کاموں سمیت تجارتی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت سمیت کسی بھی ملک نے اب تک افغانستان کی طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔ البتہ بھارت ان کئی ممالک میں شامل ہے جن کے کابل میں مشن کام کر رہے ہیں۔

خطے کے دیگر اہم ملک چین اور روس نے بھی اشارہ دیا ہے کہ وہ افغانستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب افغانستان اور اس کے ہمسایہ ملک پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

Share This Article