بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ اور ڈیرہ بگٹی سے پاکستانی فورسز نے طالب علم سمیت 3 نوجوانوں کو حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے۔
کوئٹہ سے جبری لاپتہ کئے گئے طالب علم کی شناخت ولی محمد ولد دالی اکبر سکنہ قلات خزینہ اورڈیرہ بگٹی سے لاپتہ کئے گئے نوجوانوں کی شناخت اشریف ولد بھورا خان بگٹی اور پتو خان ولد سراج بگٹی کے ناموں سے ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فورسز نے طالب علم ولی محمد کو کوئٹہ جناح روڈ سے حراست میں لیا جس کے بعد سے اب تک اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔
دوسری جانب اشریف ولد بھورا خان بگٹی اور پتو خان ولد سراج بگٹی کو ضلع ڈیرہ بگٹی سے دو دن قبل ایف سی نے سوئی شہر سے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیا ہے۔
لاپتہ کیے جانے والوں دونوں نوجوانوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال کے دسمبر میں ڈیرہ بگٹی سے آٹھ کے قریب افراد کی جبری گمشدگی کے کیسز سامنے آچکے تھے ۔